22 ستمبر، 2026، 1:08 AM

درست معلومات اور حقائق کی جانچ میڈیا کی بنیادی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر رحمتی

درست معلومات اور حقائق کی جانچ میڈیا کی بنیادی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر رحمتی

مہر میڈیا گروپ کے سربراہ محمد مہدی رحمتی نے پیر کے روز روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایشیا و بحرالکاہل کی خبر رساں ایجنسیوں کی تنظیم (اوآنا) کے اجلاس سے خطاب کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اوآنا کے 65ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ میڈیا اجلاس میں ’’غلط معلومات اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ سے نمٹنے کی حکمت عملی‘‘ کے موضوع پر ہونے والے پینل سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مہدی رحمتی نے بحران کے دوران بیانیے کی تشکیل، تحفظ اور اصلاح میں میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالی۔

رحمتی نے اپنے خطاب کے آغاز میں حقیقت کے بارے میں عوامی رائے تشکیل دینے میں میڈیا کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج میڈیا محض خبریں پہنچانے کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ اس بات پر اثر انداز ہوسکتا ہے کہ لوگ حقیقت کو کس انداز میں دیکھتے ہیں، عوامی بیانیے کی تشکیل میں کردار ادا کرسکتا ہے اور بعض صورتوں میں بحران کے بارے میں عوامی تاثر بھی تبدیل کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے میڈیا کی ذمہ داری صرف خبر کو تیزی سے پہنچانا نہیں بلکہ درست معلومات، حقائق کی جانچ، شفافیت اور پیشہ ورانہ اخلاقیات بھی اس ذمہ داری کے بنیادی حصے ہیں۔

مہر میڈیا گروپ کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا کو مصنوعی حقیقت تشکیل نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بحران کے دوران میڈیا کو معلومات کا خلا پیدا نہیں ہونے دینا چاہیے۔

رحمتی کے مطابق دستاویزات اور شواہد بیانیوں کی آزادانہ جانچ اور تصدیق کو ممکن بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل سوال یہ نہیں کہ کسی بحران پر بات کی جائے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ اس بحران کو کس انداز میں بیان کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دستاویزی رپورٹس بین الاقوامی سطح پر حقائق کی جانچ اور تحقیقات کے لیے بنیاد فراہم کرسکتی ہیں۔

مہر میڈیا گروپ کے سربراہ نے غلطیوں کی شفاف انداز میں اصلاح کو بھی میڈیا کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی خبر کی تصحیح کرتے وقت واضح طور پر بتایا جانا چاہیے کہ کیا غلط تھا اور اسے کس طرح درست کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو صحافی کی معاونت کرنی چاہیے، اسے صحافی کا متبادل نہیں بننا چاہیے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ غلط معلومات اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ صحافتی اخلاقیات کو بنیاد بنانا ضروری ہے۔

News ID 1941560

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha